| میں یار کا بیمار تھا دی مجھکو دوا اور |
| نادان طبیبوں نے دیا روگ بڑھا اور |
| یارب مرے سجدوں کو ہے کافی ترا دربار |
| " درکار نہیں مجھکو کوئی تیرے سوا اور" |
| یکتا ہے یگانہ ہے احد ہے تو صمد ہے |
| کیا تیرے سوا کوئی ہے دنیا میں خدا اور ؟ |
| لوگوں کی عبادت کی نمائش سے مجھے کیا |
| مومن کی نماز اور منافق کی ریا اور |
| پھیلے نہ کہیں ہاتھ مرا غیر کے آگے |
| تھوڑا سا کرم مجھ پہ ابھی میرے خدا اور |
| میں وصل کی لذت سے بھی مانوس ہوں لیکن |
| ہوتا ہے جدائی میں تڑپنے کا مزا اور |
| شامل ہو اگر تیری رضا میری دعا میں |
| کیوں کر بھلا مانگوں گا کوئی تجھ سے دعا اور |
| اے کاش وہ سن لے مرے اشعار کی آواز |
| لفظوں کی نوا اور ہے شعروں کی صدا اور |
معلومات