جہانوں میں یکتا جمالِ نبی ہے
عطا اُس خدا کی کمالِ نبی ہے
ملا رتبہ اُن کو عُلیٰ دو جہاں میں
بٹے دانِ جن کا سدا ہر زماں میں
نبی پاک میرے حبیبِ خدا ہیں
جو محبوبِ ہستی خلق میں جُدا ہیں
ذکر اُس حسیں کا ملا عام ہر جا
عُلیٰ ہر زماں میں ہوا نام جن کا
دما دم جہانوں میں حمدِ خدا ہے
ثنائے نبی اور صلے علیٰ ہے
ہے لطفِ نبی سے ملی جاں جہاں کو
روانی اُنہی سے ملی ہر زماں کو
ہے زینت خلق کی رسولِ امیں سے
مزین جہاں ہے شہے مرسلیں سے
چلے نبضِ ہستی ہیں الطافِ دلبر
بنائے خدا نے یوں اوصافِ انور
ہے افراطِ نعمت سخی دلربا سے
یہ احساں خدا کے رسولِ خدا سے
کراں دو جہاں کے انہی سے ضیا ہیں
سخی جانِ ہستی جو نورِ ہُدیٰ ہیں
ملے درجے اونچے رسولِ امیں کو
شہے دو جہاں سیدِ مرسلیں کو
نبی فخرِ آدم شہے دو سریٰ ہیں
ملی اُن کو کوثر مقیمِ دنیٰ ہیں
انہی سے مصفیٰ ضمیرِ دہر ہے
یہ گردوں میں گردش اُنہی کی نظر ہے
ہے محمود ہستی اُنہی سے فروزاں
خدا کے جو شہکار کامل ہیں انساں

0
2