مبارک ہو تمہیں یہ دن مبارک ہو یہ نظّارا
سجی محفل کھلے چہرے مہک اٹھّا چمن سارا
پرانے دن پرانی وہ شرارت یاد آتی ہے
وہی بچپن وہی قصّے رفاقت یاد آتی ہے
کبھی گِلّی کبھی کنچے کبھی میدان سجتا تھا
کبھی کوئی کسی ساتھی کی باری چھین لیتا تھا
جوانی کے حسیں قصّے شرارت کے وہ افسانے
لبوں پر ہیں سبھی یاروں کے اس کے گیت اور گانے
جوانی کی شرارت پر ابھی تک مسکراتے ہیں
چھپائے تھے کبھی جو خط، وہ اب کھل کر سناتے ہیں
کسی ساتھی کی رخصت پر بہت آنسو بہائے اور
کسی ساتھی کی شادی پر بہت ہم نے مچایا شور
کسی کو کام کی الجھن کسی کو فکر بچوں کی
کسی کو فکر ہے گھر کی کسی کو فکر اپنوں کی
کمائی کی تَگاپُو میں ٹھکانے بھی بدلتے ہیں
جدائی کے زمانے بھی رفاقت میں گزرتے ہیں
سبھی ساتھی چلے آئے محبت کھینچ لائی ہے
پرانی دوستی پھر سے نئی محفل میں آئی ہے
تمہیں پا کر سبھی ساتھی پرانے رنگ لائے ہیں
بڑی مدّت کے بچھڑے آج ملنے کو تو آئے ہیں
تمہارا گھر سدا مہکے، محبت کا بسیرا ہو
تمہاری ہر نئی صبحوں میں خوشیوں کا سویرا ہو
رہے دونوں کے ہونٹوں پر دعا بھی، مسکراہٹ بھی
بڑھے ہر دن محبت بھی، بڑھے ہر دن رفاقت بھی
حسنؔ دل سے دعا گو ہے، سلامت یہ رفاقت ہو
تمہارے واسطے ہر دن مسرّت کی بشارت ہو

0
4