خدا کا نور بن کے مصطفیٰﷺ صلِّ علیٰ آئے
مبارک آمنہ بی بی تِرے گھر مصطفیٰ ﷺآئے
اجالا ہی اجالا ہو گیا ہر سو زمانے میں
عرب کی سر زمیں پر جب حبیبِ کبریا آئے
زباں پر ربِّ ہب لی امتی امت کا غم لےکر
قسم اللہ کی دنیا میں محبوبِ خدا آئے
فلک پر ماہ پاروں میں زمیں پر آبشاروں میں
ہے جلوہ چار سو جن کا وہی جلوہ نما آئے
فرشتوں کی جماعت دست بستہ پیشِ خدمت ہے
حلیمہ گھر تِرے جب سے محمد مصطفیٰﷺ آئے
جہاں کی بیٹیاں کہتی ہیں یہ فرطِ مسرت سے
ہماری زندگی بن کر شہِ جود و سخا آئے
یتیموں غمزدوں کو اب سنا دو ! جانفَزا مژدہ
مبارک آ گئی ساعت سنو ! خیر الوریٰ آئے
ہرن بھی مسکرا کے اے تصدق ! یوں لگی کہنے
چھڑانے قید سے مجھ کو مِرے مشکل کشا آئے

0
71