کیفِ عشقِ نبیؐ دل پہ طاری ہُوا
ایک سیلاب آنکھوں سے جاری ہُوا
بادِ طیبہ سے جاں کو ملی تازگی
دل کے صحرا پہ اَبرِ بَہاری ہُوا
سبز گُنبد تصور میں آنے لگا
بابِ جبریلؑ سے لُطفِ باری ہُوا
دل تو منبر کے پائے تلے رہ گیا
سَر مُواجَہ کی جالی پہ وَاری ہُوا
جب توجہ کی آقاؐ نے میری طرف
قُربِ مولا مِلا، لرزہ طاری ہُوا
حُکمِ "صَلُّوْا عَلَیْهِ" سُنا روح نے
وردِ "صَلِّ عَلٰی" دل پہ جاری ہوا
" کَنْزِ مَخفِی" کا جَوہر اُسے مِل گیا
جو محمدؐ کے دَر کا بِھکاری ہُوا
ہجرِ آقاؐ میں سجادؑ روتے رہے
اُنؑ کا گِریہ ہی مقبولِ باری ہُوا
دل میں جب بھی کبھی دردِ فُرقت اُٹھا
اُنؐ کی اُلفت میں مصروفِ زاری ہُوا
جس نے آقاؐ کی حُرمت پہ پَہرا دیا
اُس کے اعمال کا پَلّہ بھاری ہُوا
بزمِ حافظؒ کی برکت ذرا دیکھیے
نعتِ سرکارؐ کا میں لِکھاری ہُوا

0
28