حق تعالیٰ اُن پہ رحمت کرتے ہیں |
مصطفیؐ سے جو مَحَبَّت کرتے ہیں |
وہ ہیں زیرِ سایہِ فضلِ خدا |
نامِ احمدؐ کی جو کثرت کرتے ہیں |
ہم نہ جائیں گے یہاں سے اب کبھی |
آ کے طیبہ میں یہ نِیَّت کرتے ہیں |
ہے یِہی مَذہَب ہَمارا باخدا |
سرورِ دیںؐ سے مَحَبَّت کرتے ہیں |
بند آنکھیں کر کے پڑھتے ہیں دُرُود |
یوں علاجِ دردِ فُرْقَت کرتے ہیں |
یہ ہے مُژدَہ عاصیوں کے واسطے |
آقاؐ رو رو کر شَفاعَت کرتے ہیں |
یاد کرتے ہیں ہم اُن کو گاہ گاہ |
اور وہ ہر دم عِنایَت کرتے ہیں |
بھول جائیں وہ خدا کی رحمتیں |
مرتضیؑ سے جو عَداوَت کرتے ہیں |
چھیڑ کر مَنْ کُنْتُ مولا کا بَیاں |
ناصِبِیَّت پر قَیامَت کرتے ہیں |
مت بِگڑ نعتِ نبیؐ سے نجدیا |
ہم تو بس سامانِ رحمت کرتے ہیں |
نارِ دوزخ سے وہ شاہدؔ دور ہیں |
مصطفیؐ جن کی حِمایَت کرتے ہیں |
معلومات