خلافت علیٰ منہاج النبوّة |
جو منہاجِ نبوّت پر ہے قائم اُس خلافت کو |
خدا نے خود چنا ، دنیا میں اپنی اِس قیادت کو |
پھلا پھولا شجر یہ بڑھ گئیں شاخیں جہاں بھر میں |
جہاں والوں نے دیکھا کام کرتے دستِ قدرت کو |
خلافت نے عدُو کو جیسے للکارا سرِ میداں |
کہ دنیا بھر سے آئی پھر صدا ، دادِ شجاعت کو |
خلافت ہے وہ حبلُ اللہ ، چمٹ جاتے ہیں لوگ اس سے |
خود اپنی اور آنے والی نسلوں کی حفاظت کو |
خلافت کی اطاعت ، جزو ایماں کا سمجھتے ہیں |
کہ اِس کے ماننے والے ہی سمجھے عہدِ بیعت کو |
خدا سے جوڑ کر ، مخلوق کی خدمت کا بتلایا |
مقام اس نے دیا ہے اک نیا ، ربّ کی عبادت کو |
رسائی عرش تک ہوتی نہیں ہے اس کو گر چھوڑیں |
قبولیّت ملے جو اس تعلّق سے ریاضت کو |
اماں پانے کو دنیا میں حصار اس کو بنایا ہے |
بنا کر ڈھال بھیجا ہے خدا نے اس امامت کو |
ہمارا کام ہے سُن کر اطاعت ہر قدم پر ہو |
چلے جو اس کے پیچھے ، ڈر نہ ہو گا پھر قیامت کو |
خلافت نے دلوں میں گھر کیا ہے اس طرح طارقؔ |
سمجھ پائے گی کیا دنیا ، خلافت کی محبّت کو |
معلومات