کبھی اوروں کے بھی جذبات تو دیکھا کرو بھائی |
جہاں پر بولنا ٹھہرے وہاں بولا کرو بھائی |
ضروری تو نہیں ہر بات کی تفسیر بھی پوچھو |
خود اپنی عقل و دانش سے ذرا سمجھا کرو بھائی |
کڑکتی دھوپ ہے ننگے قدم اور آبلہ پائی |
خدا کے واسطے اس قوم پر سایہ کرو بھائی |
برا کرتے ہوئے دیکھو زمانے کو تو بہتر ہے |
زمانے میں اکیلے بس تمہی اچھا کرو بھائی |
خدا سے پوچھ کر چلنا وگرنہ مشورے ہونگے |
کبھی ایسا کرو بھائی کبھی ویسا کرو بھائی |
یہاں پر دوستی اور دشمنی دو لازمی جز ہیں |
کہیں مانا کرو بھائی کہیں الجھا کرو بھائی |
قیادت کے لئے تم بھیڑ کے نا منتظر رہنا |
یہ اچھا کام کرنا ہے تو پھر تنہا کرو بھائی |
تمہیں بھی ایک دن رحمت لگائے گی کلیجے سے |
لپٹ کر دامنِ محبوب سے رویا کرو بھائی |
بروئے کار لانا اپنی ساری کوششیں ہر دم |
نتیجے کے لئے رب پر فقط تکیہ کرو بھائی |
جو تم سے ہو نہیں سکتا کسی کے سامنے رکھ دو |
جو ہر چاہے پہ قادر ہے اسے سجدہ کرو بھائی |
گھرے ہو جب سمندر میں تو جامی آخری حل ہے |
پکارو رب کی رحمت کو یا پھر ڈوبا کرو بھائی |
معلومات