ہم غرِیبی کی رِدا تان کے سو جاتے ہیں
زخم سب گِنتے ہُوئے آن کے سو جاتے ہیں
شب کو تھکتے ہیں تو فُٹ پاتھ کنارے ہی کہیں
ساتھ چُوری کِیے سامان کے سو جاتے ہیں
بُھوک آنکھوں میں نمی بن کے چمک جاتی ہے
بچّے بُھوکے مِرے دہقان کے سو جاتے ہیں
اِس سے پہلے کہ کوئی کام ہمیں لا سونپے
جاں بچانے کے لِیئے جان کے سو جاتے ہیں
بات سے بات نِکل آئی غرِیبی کی میاں
جاگتے دشت سو ارمان کے سو جاتے ہیں
ہم کو محرُومیوں کی دُھول مِلی، زخم مِلے
ہم نصِیب اپنا اِسے مان کے سو جاتے ہیں
جِس نے بُنیاد رکھی مُلک میں مہنگائی کی
نالے کرتے ہُوئے عِمران کے سو جاتے ہیں
ہم نے دیکھا ہے کہ قِیمت بھی ادا ہوتی ہے
مُتحمّل نہِیں احسان کے سو جاتے ہیں
کیوں سمجھ بیٹھے کہ اب صاحبِ سِطوت ہم ہیں
چند ٹکڑے جو مِلے دان کے، سو جاتے ہیں
نہ سُپاری نہ کتھا ہے نہ تماکُو گھر میں
ہم تو قابِل نہ رہے پان کے، سو جاتے ہیں
ہم نے مطبخ میں رشِیدؔ اپنا لگایا بِستر
ناز اُٹھاتے ہُوئے مہمان کے سو جاتے ہیں
رشِید حسرتؔ

0
31