دہر میں جو مصطفیﷺ کا ہو گیا
ان سے راضی حق تعالی ہو گیا
جو نہیں انﷺ کا وہ رب کا بھی نہیں
جو ہوا انﷺ کا وہ رب کا ہو گیا
آپ کے آنے سے اے پیارے نبیﷺ
ساری دنیا میں اجالا ہو گیا
ناخدائی کے لیے آئے نبیﷺ
ڈوبنے والو! سہارا ہو گیا
کوئے آقاﷺ میں ہے کچھ ایسی کشش
جو وہاں پہنچا وہیں کا ہو گیا
کثرتِ ذکرِ جلیلِ شاہﷺ سے
قلب نورانی ہمارا ہو گیا
حسن یوسف پر زلیخا تھی فدا
آپﷺ پر قرباں زمانہ ہو گیا
چاند دو ٹکڑوں میں احسنؔ بٹ گیا
شاہ دیںﷺ کا جب اشارہ ہو گیا

0
7