عظمت جن کی شانِ دو عالم |
ذات ہے اُن کی آنِ دو عالم |
نِعمتِ رَب کے قاسم ہیں وہ |
بھرتے ہیں دامانِ دو عالم |
گُل کی ہیں زینت بُو کلی کی |
آیا اُن سے دانِ دو عالم |
کانِ عطا ہیں حسن کے داتا |
مدحت میں حسانِ دو عالم |
آدم کے یہ فخرِ مسیحا |
دائم ہیں درمانِ دو عالم |
عرش پہ آنا مسند پانا |
رشک کریں سُلمانِ دو عالم |
باعثِ ہستی نور ہے جن کا |
رہبر ہیں یہ جانِ دو عالم |
ہستی کی پوری سَج دَھج ہیں |
دلبر ہیں ذیشانِ دو عالم |
یہ عالم رنگ و بُو اُن سے |
قائم اُن سے مانِ دو عالم |
اللہ کی بُرہان ہیں آقا |
داتا کے غِلمان دو عالم |
پیارے ہیں محمود جو دلبر |
بیشک ہیں سُلطانِ دو عالم |
معلومات