اگر چلتی محبت میں درایت
تو پھر ہوتا کبھی شکوہ شکایت
انانا و دموزی سے چلی ہے
محبت میں خسارے کی روایت
کبھی پایا نہیں، دل نے جو چاہا
ہوئی حسرت محبت میں عنایت
جدائی بھی گواہی دے رہی ہے
محبت ہو گئی تجھ سے ولایت
یہ اتنی خرچ ہوتی ہے زیادہ
محبت میں کریں جتنی کفایت
بہت کم خواب کی قیمت لگائی
محبت میں نہیں کرتے رعایت
یقیں اٹھ جائے گا ورنہ سناؤ
محبت کی کوئی سچّی حکایت
کہاں بدلا کبھی ہم نے ارادہ؟
محبت کی ہمیشہ کی حمایت
(ڈاکٹر دبیر عباس سید)

0
9