| جب بچھڑنا تھا دِل مِلے کیوں تھے |
| مجھ سے منسوب تم ہوئے کیوں تھے |
| موج آئی نہ جب لبِ ساحل |
| ریت پر نام پھر مٹے کیوں تھے |
| کس کا تھا انتظار کچھ تو کہو |
| دیر تک دھوپ میں کھڑے کیوں تھے |
| جب وفا کا سوال میں نے کیا |
| اس گھڑی لب ترے سِلے کیوں تھے |
| ترکِ الفت خوشی سے تم نے کِیا |
| آنکھ سے اشک پھر بہے کیوں تھے |
| پھول ہی پھول تھے تری راہ میں |
| پیر میں آبلے پڑے کیوں تھے |
| عشق کا روگ کیوں لگا انور |
| راہِ پُر خار پر چلے کیوں تھے |
معلومات