اے میری جان ! اے مری غمخوارِ خوش خصال |
اے چارہ سازِ خاص و مسیحائے بے مثال |
اے شمعِ بزمِ ناز و چراغِ شبِ وصال |
اے قحط زارِ دل کے لیے ابرِ برشگال |
اک سادہ دل جواں تری الفت میں کھو گیا |
سمرن اسیرِ کاکلِ شب رنگ ہو گیا |
روحِ نشاط کو کرے بیدار تیرا حسن |
صحرائے زیست کو کرے گلزار تیرا حسن |
اہلِ جنوں کو بھیجے سوئے دار تیرا حسن |
سارے جہان سے کرے بیزار تیرا حسن |
اے مہ جبیں ! بقائے دل و جاں ہے حسن میں |
درمانِ دردِ دیدۂ گریاں ہے حسن میں |
اے سرو قد ! ترے قد و قامت کی خیر ہو |
اے گل عذار ! تیری نزاکت کی خیر ہو |
تیرے لب و دہن کی نفاست کی خیر ہو |
حسن و جمال و خوبئ صورت کی خیر ہو |
خوشبو نسیمِ صبح کی تیرے بدن میں ہے |
رعنائیِ گلاب ترے پیرہن میں ہے |
چہرہ ترا ہے نورِ الٰہی کا آبشار |
آتا ہے اِس کی ضو سے دلِ زار کو قرار |
تیرے نفس سے گلشنِ ہستی میں ہے بہار |
آیا ہے تیرے دم سے رخِ دہر پر نکھار |
لیتے ہیں دم بدم ترے عشاق تیرا نام |
روشن کرے ہے سینۂ آفاق تیرا نام |
اُٹّھی تری جبین سے جو موجِ رنگ و نور |
غرقاب کر گئی مۂ دو ہفتہ کا غرور |
آئیں بہشت سے جب اتر کے ترے حضور |
حورانِ خلد ہو گئیں بے چین و نا صبور |
ہر نازنینِ شہر کو تو نے شکست دی |
زاہد کو بھی تو نے نگۂ بت پرست دی |
اے خوش زباں ! میں تیرے تکلم پہ ہوں فدا |
آواز دل نواز ہے تو لہجہ دل ربا |
سن کے ترا کلام میں کرتا ہوں یہ دعا |
اِس طرزِ گفتگو کو سلامت رکھے خدا |
اللّٰه رے لطف و نرمئ گفتارِ دل نشیں |
جاناں ترے سخن سے ٹپکتا ہے انگبیں |
جب بے نقاب روئے درخشاں کیا تو نے |
جب عارضوں کو رشکِ گلستاں کیا تو نے |
جب زلفِ عنبریں کو پریشاں کیا تو نے |
جب شمعِ دل بری کو فروزاں کیا تو نے |
اک پل میں مضطرب دلِ سمرن کو کر دیا |
غم ہائے عشق و سوزِ محبت سے بھر دیا |
لایا ہے کس مقام پہ مجھ کو مرا جنوں |
چھایا ہے جان و دل پہ ترے حسن کا فسوں |
تیری نگہ نے لوٹ لیا قلب کا سکوں |
دیوانہ کر گئے ترے رخسارِ لالہ گوں |
جب سے چڑھا ہے مجھ پہ نشہ تیرے عشق کا |
دیکھا ہے تجھ کو بزمِ تصور میں جا بجا |
تو ہی چمن کو رنگ پہ لاتی ہے میری جاں |
تو ہی چمن پہ برق گراتی ہے میری جاں |
تو ہی شبِ طرب کو سجاتی ہے میری جاں |
تو ہی شبِ الم کو رلاتی ہے میری جاں |
دریائے عیش و غم میں تلاطم تجھی سے ہے |
بیم و رجا کا دل میں تصادم تجھی سے ہے |
معلومات