ترے جانے سے دل میں اک خلا ہے
کہاں جا کر ملا یہ سلسلہ ہے
تری خاموشیاں محوِ تکلُّم
مرے احساس میں تُو بولتا ہے
بہت نزدیک ہو کر بھی نہ ملنا
محبت کا عجب سا مرحلہ ہے
ترے ہونے سے روشن میری دنیا
ترے بن ہر طرف بدلی فضا ہے
اب اُس سے کیا کریں عرضِ تمنّا
ہمارے درمیاں اک فاصلہ ہے
وہی اک شخص ہے جو خواب صورت
مرے احساس میں اب تک بسا ہے
محبت ہے کہاں بس میں کسی کے
یہ دل کا اپنا اپنا حوصلہ ہے
محبت کو بھلا کیسے بھلائیں
یہ طارِق زندگی کا آسرا ہے

0
10