دعا کام میرا اثر آپ دے دیں
بس اک مختصر سی نظر آپ دے دیں
نہیں سر چھپانے کا کوئی ٹھکانہ
مجھے اپنی نگری میں گھر آپ دے دیں
ستاروں سے مٹھی بھری ہے ہماری
چمک جائے دل بھی قمر آپ دے دیں
ہرا کردے سوکھا ہوا کھیت میرا
برس جائے جم کر ابر آپ دے دیں
نہ ساکن رہے عشق کا یہ سمندر
سمندر کو موجِ زبر آپ دے دیں
خدا کو خدا کی قسم تم سے جانا
خبر بس وہی جو خبر آپ دے دیں
لٹا دوں متاعِ حیات اپنی تم پر
مجھے کوئی رنگِ بدر آپ دے دیں
تمہیں دیکھوں پھر دیکھتا ہی رہوں میں
مجھے دید اپنی جدھر آپ دے دیں
سلگ تو رہی ہے بھڑکتی نہیں ہے
لگی تو ہے من میں شرر آپ دے دیں
مرا کیا ہے تیرے سوا کچھ نہیں ہے
جو دل مانگتا ہے گہر آپ دے دیں
اگر چہ ہے عالم کی شاہی تمہاری
مجھے حاضری کا گہر آپ دے دیں
میں سب جانتا ہوں مجھے سب خبر ہے
چھپا ہاتھ میں ہے دہر آپ دے دیں
مرے کام کا اب نہیں یہ زمانہ
مجھے تو فقط اپنا در آپ دے دیں
بنا کر مری عاقبت اپنا کر لیں
مٹے تشنگی چشمِ تر آپ دے دیں
حضور اپنے جامی کو اپنا بنا لیں
کمینے کو کوئی ہنر آپ دے دیں

0
106