میں سدا ہوں تیری نگاہ میں، کبھی خود بھی آ تو نگاہ میں |
مرے دلبرا تجھے دیکھ کر مرا دل بڑھے تری چاہ میں |
ہے عزیز مجھ کو تری نظر جو بکھیرتی ہے محبّتیں |
جہاں پیار کا کوئی فرق ہے ، نہ سفید میں نہ سیاہ میں |
جو کہوں زباں سے برا لگے جو میں چپ رہوں تو ہے خامشی |
میں چھپا کے رکھوں صداۓ دل بھلا کب تلک کسی چاہ میں |
دلِ مضطرب کو قیاس ہے کہیں ایک ننھی سی آس ہے |
کہ جنوں خرد سے گلے ملے تو سکون ہو مری راہ میں |
نہ تُو ہجر میں جی نراش کر، نیا سوز دل میں تلاش کر |
کہ جو لائے اس کو قریب تر وہ اثر نہیں تری آہ میں |
جو سکونِ دل تجھے چاہئے کہ امان تُجھ کو نصیب ہو |
انہیں ڈھونڈ کر کسی کام آ جو ہیں درد، آہ و کراہ میں |
ہو کھڑا ذرا ، تُو صدا اُٹھا ،ترے سامنے یہ ہوا ہے کیا |
نہیں روکتا کوئی ظلم کو ،تو شریک ہے وہ گناہ میں |
تجھے کیا کسی سے جو ہو گیا ترے مہرباں سے قریب تر |
تُو کھڑا ہے طارقِ خوش نوا پَہ اُسی کی جائے پناہ میں |
معلومات