| لے کے میں جھولی میں ہوں آیا ہوا |
| عمر بھر میں جو بھی سرمایہ ہوا |
| اکتسابِ فیض مجھ سے کیجئیے |
| میں نے بھی ہے عشق فرمایا ہوا |
| عین ممکن ہے کہ خود سے میں ملوں |
| آج کل میں خود میں ہوں آیا ہوا |
| دیکھ کر سیمیں بدن کو جھیل میں |
| چاند جانے کیوں ہے شرمایا ہوا |
| پھر رہا تھا در بہ در صحراؤں میں |
| عشق مجھ تک آگیا اچھا ہوا |
| جب مِلا موقع یہ پُھر سے اڑ گیا |
| دل کا پنچھی کب بھلا اپنا ہوا |
| میں کہاں ہوں "میر" جو یہ کہہ سکوں |
| " مستند ہے میرا فرمایا ہوا" |
معلومات