کرم پہ مائل خدا تعالیٰ کی ذات ہوگی تو نعت ہوگی
خدا کے سب سے زِیَادہ پیارے کی بات ہوگی تو نعت ہوگی
ہر ایک لمحہ نبی نبی ہے، کہ نعت ان کی نہیں رُکی ہے
جو دن بھی ہوگا تو نعت ہوگی، جو رات ہوگی تو نعت ہوگی
انانیت جو کوئی دکھائے، نبی کی تعریف سہہ نہ پائے
نبی کی یادوں میں نفسِ سرکش کی مات ہوگی تو نعت ہوگی
کلامِ حق جو سمجھ گیا ہو، سمجھ سمجھ کے سلجھ گیا ہو
تو آیتوں کی سمجھ میں اس کے برات ہوگی تو نعت ہوگی
کرم نبی کے بہت بڑے ہیں، ہم ان کے قابل کہاں ہوئے ہیں
جو ہم کو حاصل کرم کی تھوڑی زکوٰۃ ہوگی تو نعت ہوگی
وہی ہیں یاسیں وہی ہیں طٰہٰ، نبی کے ایسے بہت ہیں اسماء
سمجھ میں قرآں کی عارفانہ لُغات ہوگی تو نعت ہوگی
نبی پہ جاں کو فدا ہے کرنا، کہ جیتے جی ہے انھیں پہ مرنا
محبّتِ مصطفی میں حاصل ممات ہوگی تو نعت ہوگی
اگر ہو دنیا کا دل میں ڈیرا، ذلالتوں نے ہے دل کو گھیرا
نبی کی الفت میں آ کے دل کو نجات ہوگی تو نعت ہوگی
درود ان پر سلام ان پر، ہو زندگی کا نظام ان پر
وفائے احمد میں جاری ساری حیات ہوگی تو نعت ہوگی
وفا خدا سے نبھانا چاہو، نبی کے اخلاق دل میں لاؤ
حیات ساری کی ساری جب صالحات ہوگی تو نعت ہوگی
ہے نعت خوانی کا راز کیسا، ذکیؔ ہےناداں اسے پتا کیا
فدا نبی پر وجود کی کائنات ہوگی تو نعت ہوگی

0
86