دُور تُو نے یاخدا میری پریشانی کی ہے
تُو نے میرے واسطے ہر گام آسانی کی ہے
بڑھ رہی تھیں جب مِرے چاروں طرف تاریکیاں
تُو نے آ کر دُور میری ساری حیرانی کی ہے
مدتوں سے دل کی بستی میری سونی تھی پڑی
آ کے تُو نے دُور دل کی ساری ویرانی کی ہے
مجھ سے ہوتی ہی رہیں اس زندگی میں لغزشیں
بخش کر میری خطائیں، معاف نادانی کی ہے
کچھ مجھے آتا نہیں تھا مانگنا میرے خدا
تُو نے رحمت کی مِرے دامن میں ارزانی کی ہے
جب مخالف ہو گئیں سب آندھیاں اس دہر کی
تُو نے میری ناخدا بن کر نگہبانی کی ہے
فقر میں بھی شادؔ پر کیسا کرم تیرا ہوا
تُو نے اس ادنیٰ گدا کی شان سلطانی کی ہے

0
3