حسیں کوئی آقاﷺ کے جیسا نہیں ہے
کسی آنکھ نے ان سا دیکھا نہیں ہے
گو مشہور ہے حسنِ یوسفؑ جہاں میں
مگر کوئی آقاﷺ کے جیسا نہیں ہے
وہ خاتِم بھی ہیں اور خاتَم بھی وہ ہی
نبی بعد آقاﷺ کے آنا نہیں ہے
تصور ہے دل میں مدینے کا ہر پل
کہیں اور دل میرا لگتا نہیں ہے
اطاعت میں انﷺ کی شفاعت ملے گی
بجز انﷺ کے کوئی وسیلہ نہیں ہے
یوں محبوب رب کو تو سب انبیاء ہیں
محمدﷺ سا کوئی دلارا نہیں ہے
زمیں آسماں ہو مکاں لا مکاں ہو
کہاں میرے آقاﷺ کا چرچہ نہیں ہے
محمدﷺ ہیں احمدﷺ ہیں محمودﷺ وہ ہیں
کوئی اسم آقاﷺ سے اچھا نہیں ہے
اطاعت نبیﷺ کی ہے رب کی اطاعت
نبیﷺ کا نہیں جو وہ رب کا نہیں ہے
مرے آقاﷺ پہنچے ہیں عرشِ معلیٰ
نبی دوسرا کوئی پہنچا نہیں ہے
مکرم ہیں سارے نبی ہم نے مانا
کسی کا محمدﷺ سا رتبہ نہیں ہے
الہی مدینہ کی تربت عطا کر
علاوہ ازیں اور تمنا نہیں ہے
الہی بلا لیجے احسنؔ کو اب تو
مدینہ کبھی اس نے دیکھا نہیں ہے

0
15