| تیرے کَرم سے میری اچھی گُزر گئی |
| بے چین رُوح میری شِیر و شَکَر گئی |
| آئی قَضا جو لینے مُجھ سے رَذیل کو |
| دامن میں میرے تیری رَحمت اُتر گئی |
| وقتِ نَزاع میری سانسیں تھیں آخری |
| ایسے میں تُم جو آئے ہِچکی ٹھہر گئی |
| سینے پے میرے تیری اُلفت کا داغ تھا |
| تمغہ یہی سجائے میّت اُدھر گئی |
| میّت اُٹھائے میری سوئے حَرم گئے |
| پہنچے نبیؐ کے دَر پر قِسمت سَنور گئی |
| مُنکر نَکیر نے جب نَرغے میں لے لیا |
| پہنچے ہیں میرے آقاؐ جُونہی خَبر گئی |
| عشقِ نبیؐ کی خُوشبو میری لَحد میں ہے |
| بھیجا دُرود اُن پر خُوشبو نِکھر گئی |
| نُورِ نبیؐ سے روشن دونوں جَہاں ہوئے |
| یہ روشنی تو میرے دِل میں اُتر گئی |
| تیرے جَمال کی یُوں عادِی نَظر ہوئی |
| وقتِ لِقا بھی میری تُم پر نَظر گئی |
| تیری ہی خَیر مانگوں تیری ہی خَیر ہو |
| میری یہی دُعا تو زُودِ اَثر گئی |
| میرے کَریم مُجھ پر تیرا کَرم رَہے |
| تیری نِگاہ میرے سَب کام کر گئی |
معلومات