عشق تیرا ہے بندگی میری |
تجھ پہ مٹنا ہے زندگی میری |
نامِ نامی زباں پہ آتے ہی |
بات بگڑی ہوئی بنی میری |
ہر برائی کا میں تو پیکر ہوں |
لاج رکھیو مرے نبی میری |
غم نہیں پھر مجھے کوئی جب ہے |
تیرے ہاتھوں میں یاوری میری |
میں ترا سب سے کم تریں بَردہ |
زہے قسمت یہ چاکری میری |
گردِ رہ کو تری میں پا نہ سکا |
محوِ حیرت ہے آگہی میری |
آپ ہی کی عطا ہے یہ غم بھی |
آپ ہی سے ہے ہر خوشی میری |
دلِ بسمل، نظر بکوئے حبیب |
مجھ کو بھاتی ہے بے کلی میری |
وقتِ آخر ترے ہی جلوے ہوں |
آرزو ہے یہ آخری میری |
ناز آقا کی نعت کیسے لکھوں |
آڑے آتی ہے بے بسی میری |
معلومات