محمد کا جب ہم جنم دیکھتے ہیں |
تو کعبے میں گرتے صَنم دیکھتے ہیں |
محمد نے جب دعوتِ دینِ حق دی |
تو باطل کا جھکتا عَلَم دیکھتے ہیں |
محمد نے تفریقِ انساں مٹائی |
عرب میں عجم محترم دیکھتے ہیں |
مدینے کے کفار حیران ہو کر |
غلاموں کا جاہ و حشم دیکھتے ہیں |
محمد کی انگشت کے معجزے سے |
فلک پر قمر منقسم دیکھتے ہیں |
ابوبکر فاروق عثماں علی میں |
محمد کو ہم مرتسم دیکھتے ہیں |
نہیں فکر محشر میں بخشش کی ان کو |
جو لطفِ شفیعِ امم دیکھتے ہیں |
محمد کی مدحت کی نعمت سحاب |
خدا کی ہدایت کرم دیکھتے ہیں |
معلومات