تیرا رُتبہ اعلیٰ, تیری شان برتر, یا عُمرؓ
ہاتھ اُٹھا کر مانگتے ہیں خود پَیمبر, یا عُمرؓ
پھر ہوئی تبلیغِ دیں بے خوف ہو کر, یا عُمرؓ
جس گھڑی تُو دین کو آیا مُیَسَّر, یا عُمرؓ
اہلِ فِتنہ کے دِلوں پر تیغ و خنجر, یا عُمرؓ
حلقہِ کُفّار پر ہیبت کا منظر, یا عُمرؓ
قیصر و کسریٰ تِرے قدموں مِیں آ کر گِر پَڑے
واہ کیسا تُو نے پایا ہے مُقدر, یا عُمرؓ
تَھرتَھرا جاتے ہیں تیرا نام سُن کر اہلِ کُفر
آج بھی اِن کے دِلوں مِیں ہے تِرا ڈر, یا عُمرؓ
راہ اپنی چھوڑ دے شیطان جس کو دیکھ کر
کُل زَمانے مِیں ہُوا ایسا دِلاوَر, یا عُمرؓ
اِک عَجب تسکین ملتی ہے تمہارے نام سے
لمحہ لمحہ کہہ رَہا ہُوں مَیں بَرابر, یا عُمرؓ
حشر تک مجھ پر رَہے گی رحمتِ پروردگار
حشر تک شاہدؔ رَہے گا میرے لب پر, یا عُمرؓ
محمدشاہدؔعلی صابری

0
2