اپنی الفت میں پاگل بنا دیجئے |
نت نئے پھر ستم مجھ پہ ڈھا دیجئے |
خوگرِ غایتِ دردِ دل دیکھئے |
کیجئے درماں نہ کوئی دوا دیجئے |
برملا ہوں بضد بے خطا ہوں بجز |
مجھ پہ بالجبر ہے افترا دیجئے |
کوہِ سینا کو جلتا نہیں دیکھنا |
بارہا لن ترانی سنا دیجئے |
سوگ طرزِ حزیں تا قیامت رہے |
غم کو یوں وسعتِ کربلا دیجئے |
وسطِ صحرا میں اک بوند کو یوں ترس |
تشنگی لبِ دریا بڑھا دیجئے |
بے وفائی سے وہ باز آتا نہیں |
بے وفا کو نہ درسِ وفا دیجئے |
زندگی کی غلط ایک تحریر ہوں |
صفحۂ ہستی سے ہی مٹا دیجئے |
عاشقی کا نہ پھر کوئی دعوی کرے |
جرمِ الفت کی ایسی سزا دیجئے |
عشق کا نام کوئی نہ لے پھر کبھی |
خود کو تنویر عبرت بنا دیجئے |
تنویر روانہ |
معلومات