ہمیں بخش دے ہم دعا مانگتے ہیں
بلاؤں سے مولیٰ رہا مانگتے ہیں
تِرا نام رحمٰن ہے رحم کر دے
تِری رحمتوں کو خدا مانگتے ہیں
جو تاریک دل کو بھی اجیار کر دے
مرے مولیٰ ہم وہ ضیا مانگتے ہیں
پشیمان ہیں جان پہ آ پڑی ہے
وباؤں سے رو رو شفا مانگتے ہیں
خطاؤں پہ شرمندہ ہیں یا الٰہی
تِرے فضل کی ہم عطا مانگتے ہیں
سِوا کون تیرے سنے میرے دل کی
تجھی سے خدا جا بجا مانگتے ہیں
مِرا خاتمہ ہو مع الخیر یا رب
دعا صدقۂِ مصطفی مانگتے ہیں
کرم کی نظر ہو تصدق حزیں پر
کرم کی خدایا ! گھٹا مانگتے ہیں

86