یقیناً یہ بڑا احسان ہو گا |
نیازِ حُسن جو کُچھ دان ہوگا |
بُجھا لینے دو پہلے پیاس من کی |
پِھر اُس کے بعد جو فرمان ہو گا |
مکاں ہم نے بھی چھوڑا، تُم گئے تو |
بُجھے دِل کی طرح وِیران ہو گا |
مسل دے دِل کو جو غُنچہ سمجھ کر |
نہِیں اِنساں، کوئی حیوان ہو گا |
ہمیں مِلنے کی تُم سے جیسی چاہت |
تُمہارے دل میں بھی ارمان ہو گا |
نہِیں ہم جانے والے اب یہاں سے |
تُمہارا آستاں، اِستھان ہو گا |
جِسے تُم چھوڑ آئے بِیچ رستے |
وہ کِتنا بے سر و سامان ہو گا |
محبّت کی بنے گی راجدھانی |
شِکستہ دِل کوئی سُلطان ہو گا |
بہُت ڈر ڈر کے حسرتؔ دِن گُزارے |
جو ہو گا اب علی الاعلان ہو گا |
رشید حسرتؔ |
معلومات