مری آنکھ میں بھر جمالِ محمد ﷺ
مرے دل کو دے دے خیالِ محمد ﷺ
کسی کا بھی محتاج پھر کیوں رہوں میں
اگر ہو لبوں پر سوالِ محمد ﷺ
ہے واصل خدا سے‘ نہ بندوں سے غافل
یہی دیکھ لے اک کمالِ محمد ﷺ
زمانے سے کوئی غرض کیا رہے گی
ملے جو کسی دن وصالِ محمد ﷺ
مرے تاجِ سر ہیں مرے دل کی راحت
غلامان و اہل و عیالِ محمد ﷺ
ہر اک مہ جبیں پر ترا حسن غالب
میں قربان تجھ پر بلالِ محمد ﷺ
کہیں چھپ نہ جائے قمر آسماں کا
جو دیکھے زمیں پر ہلالِ محمد ﷺ
خدا نے بنائی نہیں کوئی صورت
کہاں کوئی لائے مثالِ محمدﷺ
گرے اس کی ہیبت سے اصنامِ کعبہ
ہے باطل پہ ثابت جلالِ محمد ﷺ
مرے داغ دل پر نظر تو ہے جامی
جو قائم ہے عشق و ملالِ محمد ﷺ

0
51