| یہ زمیں ہے نہ آسماں میرا |
| ہے کوئی اور ہی جہاں میرا |
| آپ کے نام پر دھڑکتا ہے |
| دل یہ میرا بھی ہے کہاں میرا |
| اب کے آنکھوں نے بے وفائی کی |
| رازِ دل کر دیا عیاں میرا |
| آٹھواں آسماں دھواں ہو گا |
| کہہ رہا ہے مجھے گماں میرا |
| دے رہا ہوں خلاؤں پر دستک |
| لا مکاں میں ہے اک مکاں میرا |
| ہاتھ آنے کا میں نہیں صاحب! |
| ڈھونڈتے کیوں ہو تم نشاں میرا |
| ایک سجدہ قبول ہوجائے |
| عشق جائے نہ رائیگاں میرا |
معلومات