دیکھے بھالے ہیں ہمارے صاحبِ دستار سب
باعثِ توہینِ انسانی ہیں یہ معیار سب
میں نے زینے طے کیے کتنی مشقت سے مگر
پھر چلے آئے گرانے کے لیے مکار سب
پاس دانے ہوں تو یہ منڈلائیں گے چاروں طرف
چھوڑ جائیں گے مصیبت میں مگر دلدار سب
جب الگ ہوں گے تو اندازہ لگائیں گے ضرور
یہ پجاری آپ کی کرسی کے ہیں سرکار سب
اک مری "ہاں" کے اشارے پر بچھے جاتے تھے جو
آج استدعا پہ بھی کرتے رہے انکار سب
میں نے حصے کی کسی کے کب چرائی ہے خوشی
کیوں ہوئے جاتے ہیں مجھ کو درپئے آزار سب
میں نے سمجھا تھا یہاں جینا بہت آسان ہے
رفتہ رفتہ وا ہوئے پھر زیست کے اَسرار سب
اپنے اپنے فن کے ماہر ہیں مگر معصوم ہیں
حسرتؔ و درویشؔ و بیرمؔ، انجمؔ و بیدارؔ سب
سر قلم کس کا کروں کس کو معافی دوں رشیدؔ
جب صفِ دشمن میں شامل ہیں مرے سالار سب
رشید حسرتؔ، کوئٹہ
۱۲، نومبر، ۲۰۲۶

0
2