زینبِ مضطر حال پریشاں |
دشتِ بلا میں وہ ہے ہراساں |
حشر بپا ہے بر سرِ میداں |
کس کو پکارے کون نگہباں |
بھائی پڑا ہے خون میں غلطاں |
شامِ غریباں شامِ غریباں |
بیبیاں کہتی ہیں یہی رو کر |
پردہ بچا لو آ کے دلاور |
اہلِ لعیں ہیں چھینتے چادر |
درے لگاتے ہیں یہ ستمگر |
سنتے نہیں کیوں نالہ و فغاں |
شامِ غریباں شامِ غریباں |
آلِ نبی پر کرتے جفائیں |
اہلِ حرم کی گونجی صدائیں |
شمرِ لعیں نے چھینی ردائیں |
چہرہ چھپانے کو کہاں جائیں |
بالوں سے کرتیں پردہ بیبیاں |
شامِ غریباں شامِ غریباں |
خیمے کے اندر آل ہیں تمام |
اس پہ جلاتے لعیں ہیں خیام |
اہلِ حرم میں مچ گیا کہرام |
شعلوں کی زد میں آنے کو امام |
غش میں پڑا ہے ہائے ناتواں |
شامِ غریباں شامِ غریباں |
سہمی ہوئی ہے بالی سکینہؑ |
شہؑ کو پکارے شہؑ کا نگینہ |
دشت میں ڈھونڈے بابا کا سینہ |
گرتی ہے لاشوں پر وہ حزینہؑ |
کہتی ہے رو کر باباؑ ہو کہاں |
شامِ غریباں شامِ غریباں |
اکبرِؑ نوشاہ شکلِ پیمبرؑ |
نیزے پہ دیکھا گر پڑی مادر |
اسکو پکارے یہی وہ کہہ کر |
سہرا سجانا تھا مجھے اکبرؑ |
مارا گیا تو مر گئے ارماں |
شامِ غریباں شامِ غریباں |
عونؑ و محمدؑ ماںؑ کے دلارے |
مارے گئے ہیں دریا کنارے |
قاسمِؑ مضطر آنکھوں تارے |
ٹکڑے پڑے ہیں رن میں تمھارے |
خشک دہن ہے سوکھی ہے زباں |
شامِ غریباں شامِ غریباں |
بے گور وکفن اے بھائی الوداع |
قید ہوئی ماں جائی الوداع |
سینے پہ سناں کھائی الوداع |
الوداع میرے بھائی الوداع |
قتل ہوئے تم اجڑا کارواں |
شامِ غریباں شامِ غریباں |
آلِ نبی پر ٹوٹے مصائب |
روتا قلم ہے روتا ہے صائب |
مرثیہ سن کے اللہ کا نائبؑ |
کہتا حسن سے سن کے مصائب |
خون ہوں روتا چاک گریباں |
شامِ غریباں شامِ غریباں۔ |
معلومات