پھر دل کو کوئی زخمِ جفا یاد آ گیا
محفل میں کس کا نامِ خدا یاد آ گیا
تشنہ لبوں کو دیکھ کے پیمانے رو پڑے
ساقی کو اپنا دورِ عطا یاد آ گیا
رخصت ہوا تھا ذہن سے جو نقشِ آرزو
آئینہ دیکھتے ہی گِلا یاد آ گیا
منزل ملی تو لوٹ پڑے بادیہ نشیں
شاید کہ پھر وہ آبلہ پا یاد آ گیا
اب تک لرز رہا ہے فغانِ سحر کا دل
راتوں کا وہ سکوتِ فضا یاد آ گیا
دنیا کے حادثات نے عادلؔ بتا دیا
غم جب بڑھا تو دستِ دعا یاد آ گیا

0
3