ہے دل کا یہ ارماں میں نعتیں سناؤں
ہو خوشیوں کا ساماں میں نعتیں سناؤں
نبی کے ہوں نغمے سدا میرے من میں
پڑھوں رب کا قرآں میں نعتیں سناؤں
مجھے بھی اے مولا عطا ہو بصیرت
جو کامل ہیں سلطاں میں نعتیں سناؤں
ہیں رحمت خدا کی وہ شہکارِ ہستی
اے دل ان کی ہر آں میں نعتیں سناؤں
نبی شانِ ہستی ہیں محبوب رب کے
ملا ان سے ایماں میں نعتیں سناؤں
علیٰ ذکر جن کا ہوا ہر جگہ ہے
نبی ہیں سخی جاں میں نعتیں سناؤں
جو محمود شافی بنے امتوں کے
وہ ہیں نورِ یزداں میں نعتیں سناؤں

41