رحمتِ حق، محمدﷺ کی صورت ہوئی
سارے عالم پہ انﷺ کی عنایت ہوئی
کھارے پانی میں ڈالا لعابِ دہن
آخری بوند بھی اس کی امرت ہوئی
بے زباں کنکروں کا نصیبہ کُھلا
جاری ان کی زباں پر شہادت ہوئی
تاجِ شاہی فدا، ثور کی مکڑی پر
شاہِ کونینﷺ کی جس سے خدمت ہوئی
چُن لیا قصوا نے، مسکنِ مصطفیﷺ
اونٹنی کو عطا ایسی حکمت ہوئی
وہ حِنانا سُتوں، رویا زار و قطار
ضبط اس سے نبیﷺ کی نہ فرقت ہوئی
سَیر ہو کر گئے لوگ بھوکے کئی
ایک چھوٹی سی بکری میں برکت ہوئی
چاند آقا کے قدموں میں آکر گرا
یدِ بدر الدجی کی اشارت ہوئی
مرتضیؓ  کے لئے عصر پھر سے ہوئی
ان کو شمس الضحی سے جو نسبت ہوئی
میرے آقاﷺ کا ہر ایک پل معجزہ
میرے مولاﷺ کی ہر سانس آیت ہوئی

0
286