منھ میں زبان ہے سو بہانہ نہیں ملا |
کہنے کو پر کوئی بھی فسانہ نہیں ملا |
پہلے پہل لگا تھا ہمیں مل گیا ہے وہ |
مدت کے بعد ہم نے یہ جانا نہیں ملا |
انجان بن کے رہتے ہیں وہ لوگ شہر میں |
گھر تو ملا ہے جن کو گھرانہ نہیں ملا |
دنیا میں ہم اخیر میں آئے ہیں اس لئے |
ہم کو کسی نبی کا زمانہ نہیں ملا |
جو مل گیا ہے ہم کو وہ ایماں کا نور ہے |
دنیا کو اس سے اچھا خزانہ نہیں ملا |
ہجرت جو کر گئے ہیں انہیں کچھ بھی مل گیا |
اقبال کا وہ ہندی ترانہ نہیں ملا |
میخانے میں ہی آگئے واعظ بھی شیخ بھی |
پینے کا جب کہیں بھی ٹھکانا نہیں ملا |
معلومات