تم نے جانا ہے جا کوئی بات نہیں
ترکِ عہدِ وفا کوئی بات نہیں
روؤ مت رونے سے کیا ہی ہوگا بھلا
جو ہوا سو ہوا کوئی بات نہیں
آئنے کی طرح ٹوٹ جائیں گے ہم
ہنسئے ٹوٹنا کوئی بات نہیں
یہ مرا مسئلہ ہے کہ تم کو چنا
تم نے اس کو چنا کوئی بات نہیں
کیا یہ اتنا ہی آسان ہے کسی کو
راہ میں چھوڑنا کوئی بات نہیں
"چار دن میں اتر جاتا ہے یہ نشہ"
دل کا لگنا اچھا کوئی بات نہیں
اک دیا رہ گیا یاد کا اے صبا
وہ دیا بھی بجھا کوئی بات نہیں
دو ہی کردار تھے اس کہانی میں دوست
آگیا تیسرا؟ کوئی بات نہیں
کس لیے تم پریشان ہو رہی ہو
کہہ تو ہم نے دیا کوئی بات نہیں
ہم سفر تو رہے تھوڑی دیر سہی
چلئے شکریہ کوئی بات نہیں
کیسے سمجھاؤں تجھ کو اے میرے خدا
ہونے کا حادثہ کوئی بات نہیں؟
عشق میں جیتنا کوئی بات ہوئی
عشق میں ہارنا کوئی بات نہیں
میں کسی کا نہیں ہو سکا ترے بعد
تو کسی کا ہوا کوئی بات نہیں
کیا ہوا جو نہیں پہنچے منزلوں کو
اے مرے رہنما کوئی بات نہیں
جس نے جانا تھا وہ تو چلا گیا دوست
چائے پیتے ہیں آ کوئی بات نہیں

0
47