| تمہاری یاد کا موسم گلاب جیسا ہے |
| مرے لیے یہ جہاں اب تو خواب جیسا ہے |
| تمہارے دم سے ہی کھلتی ہیں کھڑکیاں دل کی |
| تمہارا لمس کسی آفتاب جیسا ہے |
| تمہارے ساتھ جو گزرا وہ زندگی نکلا |
| تمہارے بعد یہ یومِ حساب جیسا ہے |
| میں اپنے دل کی اداسی چھپا تو لیتا ہوں |
| مگر یہ چہرہ تو سچی کتاب جیسا ہے |
| ذرا جو سوچ بھی لوں نور ہر طرف پھیلے |
| تمہارا نام ہی اک ماہتاب جیسا ہے |
| عجیب شخص ہوں بچھڑا تو اور نکھرا ہوں |
| اثر جو زخم کا بھی انقلاب جیسا ہے |
| تمہاری آنکھ میں دیکھا تو یہ کھلا مجھ پر |
| سکوت بھی کبھی حرفِ جواب جیسا ہے |
| محبتوں میں ضروری نہیں کہ وصل بھی ہو |
| کبھی فراق بھی کارِ ثواب جیسا ہے |
| تمہارے قرب نے بدلا ہے اس طرح مجھ کو |
| کہ میرا عکس بھی مجھ سے حجاب جیسا ہے |
| یہ عشق ہے کہ یہ دریائے روشنی ہے کوئی |
| دروں جو بہتا مرے آب و تاب جیسا ہے |
| کمال شے ہے یہ طارِق محبّتوں کا حصول |
| جو دل نے پا لیا نعمت کے باب جیسا ہے |
معلومات