سنو! لوگوں کی محفل میں
میں رہتا ہوں بہت تنہا
مگر جب جب تمہیں سوچوں
تمہارے پاس ہونے کا
مجھے احساس ہوتا ہے
میں تم سے بات کرتا ہوں
مسلسل بات ہوتی ہے۔
کبھی کہتی ہو مشکل ہے
ہمارا ایک ہو پانا
کبھی کہتی ہو رب جانے
ہمارا حال کیا ہوگا۔
میں کہتا ہوں کہ زندہ ہوں
رکھو مجھ پر یقیں کامل
نہ سوچو تم ابھی اتنا
جیو کھل کر حسیں لمحے
ابھی ہم ساتھ ہیں جاناں،
تمہاری مشکلوں کا حل
فقط میں ہی تو ہوں جاناں
تمہارے ساتھ ہوں ہر دم
یقیناً ایک ہوں گے ہم۔
چلو چھوڑو بھی یہ باتیں
ذرا تم پاس آؤ نا
یہ خواہش ہے، ملاؤں میں
تمہارے لب سے لب اپنے
ذرا تم پاس آؤ نا۔
تمہارے لمس کی خوشبو
مجھے محسوس ہوتی ہے
تمہارے دل کی دھڑکن کو
سدا محسوس کرتا ہوں۔
تمہاری گود میں جب بھی
میں رکھ لیتا ہوں سر اپنا
یقیں جانو کہ میں اس پل
مکمل کھو سا جاتا ہوں۔
مجھے بھی ڈر ستاتا ہے
تمہارے روٹھ جانے کا
تمہارے دور جانے کا
مگر یہ جانتا ہوں میں
تمہیں مجھ سے محبت ہے
کبھی یہ مر نہیں سکتی
کبھی یہ مٹ نہیں سکتی۔
سنو! تم پاس ہو میرے
تمہیں میں دیکھ سکتا ہوں
تمہیں میں چھو بھی سکتا ہوں
تمہیں میں پا بھی سکتا ہوں۔
خیالِ نظم سن کر تم
یقیناً مسکراؤ گی
سکوں مجھ کو بھی آئے گا
ملے گی پھر خوشی مجھ کو۔
سنو اپنی نگاہوں سے
کبھی برسات مت کرنا
مجھے تکلیف ہوتی ہے
بہت تکلیف ہوتی ہے
کسک اٹھتی ہے سینے میں
اور آنکھیں نم بھی ہوتی ہیں۔
تمہارے اشک کے موتی
مجھے بے چین کرتے ہیں
بہت بے چین کرتے ہیں
کبھی برسات مت کرنا۔
تمہارے ساتھ ہوں ہر دم
کبھی برسات مت کرنا۔
سنورنا بھول جاتا ہوں
چہکنا بھول جاتا ہوں
تمہارے بن مری سانسیں
بغاوت پر اترتی ہیں
چلی آؤ، چلی آؤ
ضروری ہو بہت مجھ کو۔
میں کہتا ہوں زمانے سے
محبت ہے بہت تم سے
اگر تم لوٹ سکتی ہو
تو واپس لوٹ آؤ نا۔
تمہیں محسوس کرتا ہوں
سدا محسوس کرتا ہوں
مجھے کھاتی ہیں اندر سے
مری تنہائیاں مجھ کو۔
نہیں ہے اور کوئی بھی
مرے دل میں اتر کر جو
مرے مسکان کے پیچھے
مرے مغموم چہرے کو
ذرا دیکھے، ذرا سمجھے
لگائے مجھ کو سینے سے
فقط مجھ کو کہے اپنا۔
نہیں کوئی بشر ایسا
جو تم سا ہو میسر اور
سکونِ قلب دے جائے
سنو، تم لوٹ آؤ نا
اگر تم لوٹ سکتی ہو۔
نہیں ہو ساتھ میرے تم
شکایت ہے بہت تم سے
تمہارے کھوکھلے وعدے
محبت کے حسیں جملے
وہ جھوٹی فکر کرنا اور
مجھے آغوش میں لینا
تمہیں اب یاد بھی ہیں کیا؟
تمہارے درد و غم میں میں
تمہارے ساتھ ہی تو تھا
مگر دیکھو ، مرے غم میں
نہیں ہو ساتھ میرے تم۔
اگر خوش ہو تو پھر جاؤ
ہمیشہ خوش رہو جاناں۔
کرم تم پر خدا کا ہو
رہو اس کے اماں میں تم
کبھی غم کے نہ بادل ہوں
تمہارے زیست میں جاناں۔
نہیں تم سے گلہ مجھ کو،
نہیں تم سے گلہ مجھ کو
تمہیں بس یاد کرتا ہوں
مسلسل یاد کرتا ہوں۔

0
6