بزمِ یاراں میں آؤ تماشہ کریں
پھر پُرانی سبھی یادیں تازہ کریں
وقت کا چَرخَا پیچھے گُھما کر ذرا
گُزرے لمحوں کا جی بھر کے چرچا کریں
سرد راتوں میں چائے کی دُوکان پر
قہقہوں کا نیا طُوفاں برپا کریں
شوقِ آوارگی کو دیں پھر سے ہوا
پربتوں کے پرستاں میں ڈیرا کریں
کچھ نہ بھی ہو اگر کرنے کے واسطے
ایک دوجے کا دل غم سے ہلکا کریں
گِلے شکوے کسی نہر میں ڈال کر
پھر محبت کی چوکھٹ پہ سجدہ کریں
بھول کر رنج و غم کے سبھی سلسلے
زندگی کو اُمنگوں سے زندہ کریں

0
3