خنجر کمان و تیر‌نہ تلوار دیکھ کر
باطل نے سر جھکایا ہے کردار دیکھ کر
اصلی کہانی کیا ہے کوئی جانتا نہیں
سہمے ہوئے ہیں لوگ یہ اخبار دیکھ کر
مشکل گھڑی ہے ساتھ بھلا کون دے ترا
احباب ساتھ رکھنے تھے دو چار دیکھ کر
چوڑی سڑک ہو اور گھنی بستیوں سے دور
اس بار ہم خریدیں گے گھر بار دیکھ کر
اک سال اک مہینہ ہے ہفتہ لگے ہے دن
حیران ہوں میں وقت کی رفتار دیکھ کر
میرا طبیب سوچ میں حیرت میں پڑ گیا
میرے لہو میں عشق کی مقدار دیکھ کر

78