میرا رونا ہے زندگی بھر کا |
حشر طاری ہے مجھ پہ محشر کا |
سخت ناداں تھے جو خدا سمجھے |
کافر اک بت تھا، بت بھی پتھر کا |
آنکھ اٹھتی نہیں ہے ظالم کی |
وار چلتا ہے دل پہ خنجر کا |
ضبط کرتے نہ گر تو کیا کرتے |
تھا بچھڑنا لکھا مقدر کا |
ہم بیاباں نورد، آوارہ |
تم پتا پوچھتے ہو کس گھر کا |
میری بیدار آہِ شب کے سبب |
ایک عالم ہے شہر میں ڈر کا |
میرؔ و غالبؔ کے معتقد ہیں بہت |
میں ہوں تنہاؔ! مرید ساغرؔ کا |
معلومات