تم بھی جیت گئے |
ہم بھی جیت گئے |
ہارا کون یہ بعد میں سوچیں گے |
تم بھی جشن مناؤ |
ہم بھی جشن منائیں |
کس کے گھر ماتم ہے یہ بعد میں سوچیں گے |
تم بھی سر سے پا تک سلامت ہو |
ہم بھی سر سے پا تک سلامت ہیں |
زمیں پہ پڑا جسم کس کا ہے یہ بعد میں سوچیں گے |
تمہیں بھی زعم کہ تم حق پر ہو |
ہمیں بھی زعم کہ ہم حق پر ہیں |
کس کے ہاتھ خون سے رنگے ہیں یہ بعد میں سوچیں گے |
تم بھی اپنے شہر سجاؤ |
ہم بھی اپنے شہر سجائیں |
کس کا شہر جل گیا یہ بعد میں سوچیں گے |
تمہارا چمن بھی مہکا |
ہمارا چمن بھی مہکا |
کس کا چمن قبرستاں بنا یہ بعد میں سوچیں گے |
تم بھی محفلیں سجاؤ |
ہم بھی محفلیں سجائیں |
کس ماں کا بیٹا نہیں لوٹا یہ بعد مین سوچیں گے |
تم بھی مخملیں بستر بچھاؤ |
ہم بھی مخملیں بستر بچھائیں |
ننگی درتی میں کون سویا یہ بعد میں سوچیں گے |
تمہارے خواب بھی پورے ہوئے |
ہمارے خواب بھی پورے ہوئے |
خواب رہ گئے کس کے ادھورے یہ بعد میں سوچیں گے |
تم بھی امن کا پرچم لہراؤ |
ہم بھی امن کا پرچم لہرئیں |
کس نے خون کے دریا بہائے یہ بعد میں سوچیں گے |
تم بھی لاشوں پر نعرہ لگاؤ |
ہم بھی لاشوں پہ نعرے لگائیں |
یہ لاش کس کی ہے یہ بعد میں سوچیں گے |
تم بھی جنگ کو "شہادت" کہو |
ہم بھی جنگ کو "قربانی" کہیں |
جان کس کی گئی یہ بعد میں سوچیں گے |
تم بھی ٹی وی پر گاتے ہو فتح |
ہم بھی فتح کے گیت سناتے ہیں |
کس وادی میں خاموشی چیخی یہ بعد میں سوچیں گے |
تمہارے بچے بھی ملک سے باہر ہیں |
ہمارے بچے بھی ملگ سے باہر ہیں |
جنگ نے کھیلی کن بچوں سے ہولی یہ بعد میں سوچیں گے |
تم بھی کافی شو رمچاؤ |
ہم بھی کافی شور مچائیں |
کس کی آہ نے دم توڑا یہ بعد میں سوچیں گے |
تم بھی جیت گئے |
ہم بھی جیت گئے |
ہارا کون یہ بعد میں سوچیں گے |
معلومات