آ کہ اب آجا نظر اے جان و دل |
جس سے پاتا ہے سکوں یہ مضمحل |
جس کے عارض پر ہے پہرے دار تل |
جس پہ شیدا ہے جہانِ آب و گل |
کتنے ارماں دل میں سنبھالے ہوۓ |
شہر میں آیا ہے دیوانہ ترا |
جان و دل کرتا ہے یہ تجھ پر نثار |
شمعِ سوزاں آج پروانہ ترا |
آہ ! اے محبوب لیکن شہر میں |
تیرا مجنوں دربدر مارا پھرا |
لیلئ دلی سے رسم و راہ میں |
کوچہ کوچہ ٹھوکریں کھاتا پھرا |
کس سے امیدِ کرم رکھوں اے دل |
کون ہے جو بے غرض چاہے مجھے |
کس سے اظہارِ تمنا اب کروں |
کون ہے جو جان و دل وارے مجھے |
آخری امید بھی ٹوٹی مری |
آہ ! اے دل اب کوئی چارا نہیں |
اے دلِ محزوں کہیں تو اور چل |
غم کے ماروں کو یہاں یارا نہیں |
اٹھ کہ اے دل تیری محفل اور ہے |
تیری لیلی تیری محمل اور ہے |
حسن کی باہوں کا حاصل اور ہے |
عشق کے ماروں کی منزل اور ہے |
معلومات