اپنا تو یہاں کوئی بھی نہیں اک یاد ہے تیری ساتھ مِرے
بھر بھر آہیں کٹتے ہیں اب اپنے تو سبھی دن رات مِرے
جب زخم نہ تھا تو ساتھ ترا تھا آج میں بے بس زخمی ہوں
دے کر کے تو نے زخم رسیلے بدلے ہیں حالات مِرے
ان کو وہ ملا جو کچھ بھی مانگا ہاتھ اٹھا کر دنیا سے
لوٹے ہیں فقط رسوائی لے کر اپنے دونوں ہاتھ مِرے
شاید تجھے بھی تھوڑا تھوڑا احساس ہے اپنے زخموں کا
جو آنسو بن کے ٹپکے تھے ایسے ہی کبھی جذبات مِرے
دے کون تسلی آج اے مالک آ کے ترے اس بندے کو
ہر شخص یہاں پر ہنستا ہے سن دیکھ ذرا حالات مِرے
برسوں کے بعد نظر آیا وہ چاند رجھاتے بادل سے
جس چاند کو لے کر آئی تھی گھر رم جھم کرتی برسات مِرے
مکار و جھوٹے اور فریبی ہی تو چلے بے خوف و خطر
حق اور کڑی باتوں سے چھپے پھرتے ہیں سبھی ہم ذات مِرے

0
2
87
اپنی اردو بہتر کیجیئے -
اس بحر میں کبھی بھی مبتدی کو نہیں لکھنا چاہیے کیوںکہ اس میں وزن ارکان سے زیادہ ان کے آہنگ سے پیدا کیا جاتا ہے جو کہ صرف ایک ماہر شاعر ہی کر سکتا - ورنہ بحر میں آ بھی جائے تو اس میں غنا نہیں آتی -
اپنا تو یہاں کوئی بھی نہیں اک یاد ہے تیری ساتھ مِرے
بھر بھر آہیں کٹتے ہیں اب اپنے تو سبھی دن رات مِرے
== جب اپنے کا لفظ آگیا تو آخر میں مرے بے محل ہو گیا -

جب زخم نہ تھا تو ساتھ ترا تھا آج میں بے بس زخمی ہوں
== بے بس کا لفظ یہاں بغیر سیاق و سباق کے غلط ہے

دے کر کے تو نے زخم رسیلے بدلے ہیں حالات مِرے
== دے کر کے کچھ نہیں ہوتا - دے کے ہوتا

ان کو وہ ملا جو کچھ بھی مانگا ہاتھ اٹھا کر دنیا سے
لوٹے ہیں فقط رسوائی لے کر اپنے دونوں ہاتھ مِرے
== ہاتھ اٹھا کر دعا مانگی جاتی ہے دنیا سے نہیں مانگا جاتا -

شاید تجھے بھی تھوڑا تھوڑا احساس ہے اپنے زخموں کا
جو آنسو بن کے ٹپکے تھے ایسے ہی کبھی جذبات مِرے
== اس شعر سے کچھ مطلب نہیں نکلتا - یہ تعقیدِ معنویٰ کا عیب ہے -

دے کون تسلی آج اے مالک آ کے ترے اس بندے کو
== اس کا لفظ یہاں بھرتی کا ہے -

ہر شخص یہاں پر ہنستا ہے سن دیکھ ذرا حالات مِرے
== جب سُن کہا تو دیکھ کیسے کہہ سکتے ہیں؟

برسوں کے بعد نظر آیا وہ چاند رجھاتے بادل سے
== رجھاتے بادل کیا ہوتے ہیں؟
جس چاند کو لے کر آئی تھی گھر رم جھم کرتی برسات مِرے

مکار و جھوٹے اور فریبی ہی تو چلے بے خوف و خطر
حق اور کڑی باتوں سے چھپے پھرتے ہیں سبھی ہم ذات مِرے
== یہ بھی تعقیدِ معنوی ہے - آپ کہنا چاہ رہے ہیں آپکے ہم ذات حق اور سچ کے ساتھ چلتے ہیں تو وہ ڈرتے ہیں - لکھا آپ نے ہے کہ آپ کہ ہم ذات سچ اور حق سے چھپتے پھرتے ہیں

@Arshad1
جناب، آپ کی اصلاح قابلِ داد ہے...
ماشاء اللّہ..

0