| ہے حق سے حق میں حق کا ہی رشتہ حسین کا |
| حق کا ہے سب، حق اس پہ ہے پورا حسین کا |
| نبیوں کا اک امام تو ولیوں کا اک امام |
| نانا حسین کا ہے تو بابا حسین کا |
| نورِ نبی کا، حسنِ علی کا ہے شیدا حق |
| اور ہو بہو انھیں کا ہے نقشہ حسین کا |
| یہ شکل کہ زیارتِ انوارِ پنج تن |
| جلوہ ہی ایسا کچھ ہے نرالا حسین کا |
| حق کا امام حق پہ تھا، حق ہے، رہے گا حق |
| ہوگا بھی، ہے بھی، تھا بھی، زمانہ حسین کا |
| عشق و وفا کا فرش سے تا عرش ہے نشاں |
| "دونوں جہاں میں اونچا ہے جھنڈا حسین کا " |
| حق ہی کا عَلم دار، عَلم ہے حسین کا |
| سب طالبانِ حق پہ ہے سایہ حسین کا |
| ڈرتا حسین سے ہے ہر اک دور کا یزید |
| نا حق سے حق جو لیتا ہے بدلہ حسین کا |
| سرشار و مست ہیں، وہ جو کہتے ہیں "یا حسین" |
| تسکینِ جان و دل ہے یہ نعرہ حسین کا |
| ہوگی رِہا بروزِ جزا قومِ مسلِماں |
| صدقہ حسین کا ہے یہ صدقہ حسین کا |
| جو کوئی امتی ہے نبی مصطفیٰ کا وہ |
| پیارا حسین کا ہے دلارا حسین کا |
| ہوگا رئیس دونوں جہاں میں وہ خوش نصیب |
| مل جائے جس کسی کو اتارا حسین کا |
| جس پر ذکؔی چلے ہیں سبھی مرشدانِ حق |
| رستہ حسین کا ہے وہ رستہ حسین کا |
معلومات