جلوہ گر گل بدن نہیں ہوتا |
یہ چمن پھر چمن نہیں ہوتا |
روز ہوتی ہے کوئی ان ہونی |
میرا تجھ سے ملن نہیں ہوتا |
تیرے بن ہی گذار دوں جیون |
نہیں ہوتا سجن نہیں ہوتا |
تجھ کو نا چاہنا بھلا دینا |
مجھ سے اے جانِِ من نہیں ہوتا |
موسمِ گل نہ بھائے آنکھوں کو |
جب وہ جانِ چمن نہیں ہوتا |
اس کی سادہ روی و پر کاری |
کب وہ توبہ شکن نہیں ہوتا |
انجمن انجمن نہیں جس میں |
حاصلِ انجمن نہیں ہوتا |
ہم نے کیا ایسا تم سے چاہا جو |
زیرِ چرخِ کہن نہیں ہوتا |
خود کلامی ہے نعمتِ عظمیٰ |
جب کوئی ہم سخن نہیں ہوتا |
خود سے کرتا ہوں تیری باتیں میں |
رازداں ہم سخن نہیں ہوتا |
ہر کسی کا تو مظہریؔ صاحب |
ایسا طرزِ سخن نہیں ہوتا |
معلومات