مَشعَلِ عِشقِ مُرشٍد جَلا کر، اُن کی مِدحَت کے میں گیت گاؤں
ہو تَخَیُّل عطا مُجھ کو ایسا، اُن کی محفل میں ہر دم سجاؤں
میٹھے مُرشِد کا کردار عالی، اُن کی ساری ادائیں نِرالی
اُن کا عِشقِ نبی بھی مِثالی، اُن کا خوفِ خُدا کیا بتاؤں
پُھو ٹتی نُور کی رُخ سے کِرنیں، جن کے دیدار کو سارے ترسیں
دیکھ کر اُن کی خم دار زُلفیں، پیچ و خم زندگی کے بُھلاؤں
اُن کی مُسکان مرہم غموں کی، ہے دَوا اِس میں میرے دُکھوں کی
وہ مجھے دیکھ کر مُسکُرا دیں، میں اُنھیں دیکھ کر مُسکُراؤں
ڈال دیں قلب پر جو نگاہیں، دور ہُوں اِس کی ساری بَلائیں
مَعرِفَت حق کی ایسی میں پاؤں، ڈگمگائیں نہ پھر میرے پاؤں
نرم لہجہ ہے شِیرِیں مَقالی، اُن کے لفظوں میں رُوحِ بِلالی
اُن کی تلقین مِثلِ غزالی ، اُن کے نغمے نہ کیوں گُنگُناؤں
خامہ اُن کا تو کلکِ رَضا ہے، ساتھ میں فیضِ غوثُ الوَریٰ ہے
اور کَرَم سَروَرِ انبیاء ہے، اِس کَرم پر نہ کیوں صدقے جاؤں
باغِ مُرشِد میں بادِ بہاری، کر دے مولا تُو ہر آن جاری
آئے پت جھڑ کی ہر گز نہ باری، دھوپ میٹھی گھنی سی ہو چھاؤں
جلد زیرکؔ مدینے میں آئے، آکے روزے پہ آنسو بہائے
اپنے عصیاں کو یُوں بخشواؤں، سیدھا سیدھا میں جنت میں جاؤں

0
5