محمدؐ ہیں آقا خَلائق غُلامی
غُلاموں میں شامل ملائک تَمامی
وہ خَتمِ رُسُل ہیں اِمامِ گَرامی
وہ "مَازَاغ" والے وہ سِدرہ قیامی
خُدا نے ہے بخشی وہ شانِ دَوامی
کہ خُود بھیجتا ہے دُرودِ مُدامی
صفاتِ خُدا کا خلاصہ محمدؐ
زُبانِ خُدا ہیں رَسولِ تِہامی
اَدائے مُحب اور محبوب دیکھو
خُدا ہے کلامی محمدؐ پیامی
جہاں تک رسائی نہیں انبیاء کی
مَعَ اللہ مَعَ اللہ محمدؐ مقامی
محمدؐ ہیں معصوم عیب و بلا سے
نہیں کوئی پستی نہیں کوئی خامی
محمدؐ ہیں اصحابؓ کے بیچ ایسے
ستاروں میں جیسے ہو ماہِ تمامی
فخر سے ہیں کہتے غُلامان سارے
کہ ہم عاصیوں کے محمدؐ ہیں حامی
بَروزِ قیامت خُدا یہ کہے گا
بنامِ محمدؐ شفاعت ہے عامی
پیا جامِ عشقِ محمدؐ ہے جس نے
ہُوا ہے وہ حافظؒ ہُوا ہے وہ جامیؒ
سبھی ہیں فقیرِ دیارِ محمدؐ
قلندر ہو کوئی یا چشتی نظامی
مَیں خواجہؒ کی سنگت میں دیکھوں مدینہ
ہو مقبول واں پر ہماری سلامی
محمدؐ کے صدقے دکھاؤ محمدؐ
خدایا کرم بَر غُلامِ مُلامی

0
9