دلوں کا فاصلہ خود ہی تو کم نہیں ہوتا
جو ہم سفر ہو فقط ہم قدم نہیں ہوتا
کسی کی خامشی کو خود بھی سننا پڑتا ہے
ہر ایک درد زباں پر رقم نہیں ہوتا
چراغِ جاں کو ہوا سے بچا کے رکھنا تم
ہر ایک شخص یہاں محترم نہیں ہوتا
وہ جس کو لوگ زمانے کی جیت کہتے ہیں
کبھی کبھی وہ خسارہ بھی کم نہیں ہوتا
کسی کی یاد اگر روح میں اتر جائے
تو پھر فراق میں اتنا الم نہیں ہوتا
نگاہِ عشق سے دیکھو تو بات سمجھو گے
ہر ایک میں تو محبّت کا دم نہیں ہوتا
جو دوسروں کے لیے بانٹتا رہے خوشیاں
کٹھن پھر اس کے لیے اپنا غم نہیں ہوتا
انا کی قید سے باہر نکل کے دیکھ ذرا
کہ جھُک کے ملنے سے رتبہ تو کم نہیں ہوتا
خدا کی ذات کو پانے کی جستجو میں کبھی
عجیب ہو گا وہ دیدہ جو نم نہیں ہوتا
دے اپنے آپ کو کچھ وسعتِ نظر طارِق
کہ وصلِ یار عطا ایک دم نہیں ہوتا

0
10